تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

میثاق جمہوریت کی دھجیاں خود پیپلزپارٹی نے اڑائیں، شہبازشریف

جنگ نیوز -
لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے یقین دلایا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے میں انصاف اور قانون کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے پنجاب میں گیس لوڈ شیڈنگ کو صدر زرداری کا ٹوپی ڈرامہ قرار دیا۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا، میثاق جمہوریت کی دھجیاں خود پیپلز پارٹی نے اڑائیں،میثاق جمہوریت میں آئین اور قانون کی بالادستی، کرپشن کے خاتمے کے لیے نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے دست خط کیے،ہمارے خلاف غلط باتیں کی گئیں، اس سیاست کو میثاق جمہوریت میں دفن کردیا تھا۔ اگر جمہوریت عوام کے پیسے پر ڈاکہ ڈالنے اور اسے سمندر پار بھیجنے کا سلسلہ بن جائے تو اٹھارہ کروڑ عوام جمہوریت کو دریا برد کردیں گے، این آئی سی ایل کے ڈاکے پڑے، کیا یہ میثاق جمہوریت ہے؟ شہباز شریف نے بتایا کہ صدر زرداری نے ایک ملاقات میں کہا تھا کہ جسٹس عبدالحمید ڈوگر کو تین سال دے دیں ورنہ آپ کی چھٹی کرا دیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کیا حاجیوں کی جیب اور این آئی سی ایل پر ڈاکے میثاق جمہوریت ہیں؟ تاہمنواز شریف نے جمہوریت کے لیے صبرکا دامن نہیں چھوڑا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جان بوجھ کر گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں،زرداری صاحب پنجاب میں ٹوپی ڈرامہ نہیں چل سکتا۔انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے وزرا کو فارغ کرنے کے لیے گورنر کو سمری بھیجی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ پنجاب میں حکومت سے خود علیحدہ نہیں ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.