5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سی آئی اے چیف کا آئی ایس آئی سے رابطہ، کشیدگی ختم کرنے کیلئے مذاکرات
جنگ نیوز -
کراچی…امریکی شہری ریمنڈڈیوس کے معاملے پرسی آئی اے اورآئی ایس آئی کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات شروع ہوگئے۔امریکی جریدے کے مطابق سی آئی اے کے سربراہ لیون پینیٹا نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا سے ٹیلے فون پر رابطہ کیا اور ریمنڈ ڈیوس کیس کے حوالے سے گفت گو کی ہے۔یہ ٹیلے فونک رابطہ عمان میں امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن اورپاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان پہلے سے طے شدہ ملاقات کے بعد کیا گیا جس میں ریمنڈ ڈیوس کیس پربھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔جریدے نے ایک سینئر پاکستانی عہدے دارکے حوالے سے لکھا ہے کہ مذاکرات میں سی آئی اے کاکہنا تھا کہ اسے یقین ہے کہ لشکرطیبہ القاعدہ کے ساتھ کام کررہی ہے۔ جبکہ آئی ایس آئی نے اس خیال کورد کردیا ۔ملاقات میں بتایا گیا کہ سی آئی اے نے ڈیوس جیسے کنٹریکٹرز کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ وہ آزادانہ طور پر پتہ لگا سکے کہ لشکر طیبہ اور القاعدہ میں کوئی تعلق ہے یا نہیں ۔ تاہم سی آئی اے نے اس سلسلے میں آئی ایس آئی سے اجازت نہیں لی۔ پاکستانی اہلکار نے انکشاف کیا کہ آئی ایس آئی نے ابتدا میں تجویزدی تھی کہ واشنگٹن ڈیوس کوسفارتی استثنا کے تحت رہائی کامطالبہ چھوڑکرمتاثرہ پاکستانی خاندانوں کو خون بہا کی پیشکش کرے۔اس حوالے سے دونوں جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ سی آئی اے پاکستانیوں پر اعتماد نہیں کرتی جبکہ اگرامریکا اپنے تمام کنٹریکٹرزکو واپس بلالیتا ہے توبھی آئی ایس آئی کبھی سی آئی اے کو لشکرطیبہ جیسے گروپوں کی سرگرمیوں کی تحقیقات کی اجازت نہیں دے گی۔