5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
28فروری تا 4مارچ ”عالمگیر ایام الحزن“ منایا جائے،علامہ موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت ِجعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ جرات و سیرت ابو طالب علیہ السلام کی عملی پیروی کرکے گستاخان رسول کونہ صرف روکا جا سکتا ہے بلکہ اسلام اور مشاہیر دین و شریعت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایاجاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے مربی ونگہبان نبوت و رسالت حضرت ابو طالب کی وفات حسرت آیات کی مناسبت سے28فروری تا 4مارچ ”عالمگیر ایام الحزن“ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ کفارِ مکہ تمام تر کوششوں کے باوجود حیاتِ ابوطالب میں رسالت مآب کا بال تک بیکا نہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک طرف دنیائے شیطنت نے شانِ رسالت میں گستاخی کو وطیرہ بنارکھا ہے اور دوسری جانب استعماری طاقتیں وطن عزیز پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کی خود مختار ی کو چیلنج کررہی ہیں اور انہیں پابندیوں اور خطرناک دھمکیوں کا سامنا ہے۔آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے یہ بات زوردیکر کہی کہ مسلم حکمرانوں کوماضی سے عبرت حاصل کرتے ہوئے اپنے عوام کے بنیادی حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنانا چاہیئے ‘بصورتِ دیگر انہیں بھی ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ختمی مرتبت محسن انسانیت ہیں لیکن جن ذوات قدسیہ نے رسالت مآب کے تحفظ و پاسداری و پاسبانی کیلئے نہ صرف گوں ناگوں مصائب و آلام برداشت کئے،ہمدردی و ایثار و قربانی کی وہ تاریخ رقم کی کہ وہ انسان جس میں ذرا بھر بھی انسانیت ہے اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا ۔قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ وفات ابوطالب کے بعد رسول خدا کو مکہ سے ہجرت کرنا پڑی۔انہوں نے اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ ایام الحزن منا کر جہاں سرکاررسالت مآب ،اہلبیت اطہار اور پاکیزہ صحابہ کبار کو تعزیت و تسلیت پیش کرنے کیلئے مجالس عزاء اور تعزیتی اجتماعات کا انعقاد کریں اور شعب ابی طالب سے عزم و حوصلہ کشید کرتے ہوئے عہد پیمان کریں کہ حضرت ابوطالب کی تاسی میں استعماری قوتوں کی ہر سختی اور پابندی کا خندہ پیشانی اور جرات سے مقابلہ کریں گے اور عظمتِ رسالت و قومی غیرت و حمیت پر ہر گز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔در ایں اثناء عالمگیر ایام الحزن کے پروگراموں کو منظم و مرتب کرنے کیلئے ٹی این ایف جے کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کا کنوینر ایم ایچ جعفری کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ مالک اشترکمیٹی کے سیکرٹری اور پروفیسر غلام عباس حیدری ڈپٹی سیکرٹری ہونگے۔