5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تیونس،بیجی سائد السبسی کونیا عبوری وزیراعظم مقررکردیا گیا
جنگ نیوز -
تیونیسیا…تیونس میں حکومت مخالف مظاہروں میں پانچ افرادکی ہلاکت کے بعدمحمد الغنوشی نے وزارتِ اعظمیٰ کے عہدے سے استعفی دے دیا ۔ بیجی سائد السبسی کو نیا عبوری وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔بیجی سائد السبسی تیونس کے سابق رہنما حبیب بورقیبہ کے دور میں وزیر خارجہ، وزیردفاع اورپارلے منٹ کے اسپیکر رہ چکے ہیں۔۔ اس سے پہلے تیونس میں ایک پریس کانفرنس میں عبوری وزیراعظم محمد الغنوشی نے مستعفی ہونے کااعلان کیا۔ حکومت مخالف مظاہروں میں ان سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اور ہفتے کے روز نئے آئین کی تشکیل کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین اورپولیس میں جھڑپ کے دوران پانچ افرادہلاک ہوگئے تھے۔عبوری حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ خنجروں اورپتھروں سے لیس نوجوانوں کے گروپ نے وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرپرحملے کی کوشش کی اورقریبی علاقوں میں توڑپھوڑ کی ۔اس دوران کئی سیکیورٹی اہلکارزخمی ہوئے، تصادم میں پانچ افرادمارے گئے تھے۔