تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

تیل پیدا نہ کرنیوالے غریب ملکوں کی مشکلات میں اضافہ

جنگ نیوز -
کراچی …عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کے باعث تیل نہ پیدا کرنیوالے غریب ملکوں کے لیے مشکلات اور مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے پاکستان کا شمار بھی انہی ممالک میں ہوتا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت نے گذشتہ ہفتے دس ڈالر فی بیرل کی چھلانگ لگاتے ہوئے112 ڈالر فی بیرل کی سطح کو چھو لیا۔تیل کی قیمت جولائی2008 میں147ڈالر فی بیرل ہونے کے بعد ہی عالمی معاشی بحران آیا تھا اور پاکستان سمیت مختلف ترقی پذیر ممالک کو مہنگے تیل سے جیبیں خالی ہونے کے بعد ہی آئی ایم ایف کے پاؤں پکڑنے پڑے تھے، تیل کی بے قابو ہوتی ہوئی قیمتوں نے پاکستان سمیت تیل امپورٹ کرنے والے ممالک کی معیشت کی چولیں ہلانا شروع کر دی ہیں۔ حکومت پاکستان گذشتہ تین ماہ قیمتیں نہ بڑھانے کی مد میں حکومت15 سے18 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق قیمت موجودہ سطح پررہنے کی صورت میں اگلے ماہ مزید12 سے13ارب روپے قومی خزانے سے خرچ ہوں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق آٹھ سے دس روپے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کے نفاذ کے ساتھ اگلے ماہ سے پٹرول پر ساڑھے گیارہ روپے اور ڈیزل پر بارہ روپے فی لٹر اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ اگر پٹرولیم ڈولپمنٹ لیوی مکمل ختم کر دی جائے تو پٹرول موجودہ سطح جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً چار روپے فی لٹررہ سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خود کفالت مسئلے کا مکمل حل ہے، لیکن پی پی ایل جیسی کمپنیوں کی جانب سے کئی دہائیوں تک صرف سوئی گیس فیلڈ پر اکتفا اور مزید تلاش کی جارحانہ حکمت عملی نہ ہونا بھی خود کفالت میں رکاوٹ رہاہے۔ماہرین کے مطابق خودکفالت کی جا نب بڑھنے کیلئے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں تیل و گیس تلاش کیلئے کہیں معمولی سی سخت حکمت عملی اور کہیں مقامی افراد کے ساتھ بہت زیادہ رعایت سے ہی ملک مہنگے تیل اوراسکے تباہ کن مہنگے اثرات امپورٹ کرنے سے بچ سکتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.