5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی: پٹرول پمپس کی ہڑتال، شہری سراپا احتجاج، پولیس ،رینجر کا لاٹھی چارج
جنگ نیوز -
کراچی… پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال پر کراچی میں بیشتر پٹرول پمپ بند ہیں، جس پر شہری شدید احتجا ج کررہے ہیں، جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج ، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر منافع میں اضافہ نہ کرنے پر کراچی میں ہڑتال کی جارہی ہے اور مختلف پمپس پرآج صبح سے پٹرول دستیاب نہیں ہے ، جس پر عوام مشتعل ہوگئے،گلستان جوہر ، شارع فیصل ، گلشن اقبال اور ایم اے جناح روڈ پر شدید احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے راشد منہاس روڈ پر دھرنا دیا، جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔ جوہڑ موڑ سے سہراب گوٹھ تک، دوسری جانب گلستان جوہر کے اندر اور اسٹیڈیم اور شارع فیصل سے آنے جانیوالے راستوں پر ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔گلشن اقبال کے علاقے میں الٰہ دین پارک کے سامنے اور راشد منہاس روڈ پر مظاہرین نے شدید احتجاج کیاجس پر رینجرز اور پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی اورلوگوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔ شارع فیصل پر فلک ناز پلازاکے قریب پولیس اورمظاہرین میں ہنگامہ آرائی ہورہی ہے۔ مظاہرین پٹرول کی عدم دستیابی پر انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے لگائے اور کئی مقامات پر توڑ پھوڑکرتے ہوئے پمپوں کو نقصان بھی پہنچایا۔ دوسری جانب جماعت اسلامی سابق ایم پی اے یونس بارائی کو بھی احتجاج کرنے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پی ایس او نے اپنے اعلامیہ نے میں کہا ہے کہ کراچی میں کلفٹن، کورنگی، ڈیفنس لانڈھی ، شارع فیصل کے علاقوں میں پی ایس او کے 7 پمپس پرپٹرول دستیاب ہے۔ علاوہ ازیں جو پٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں پٹرول 100روپے فی لیٹر تک فروخت کیاجارہا ہے۔ کراچی سے پٹرول کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے حب شہر میں تمام پٹرول پمپ بند ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار اور ڈاکٹر صغیر احمد نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین سے رابطہ کرکے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مسئلہ حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائیگا،شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے ہڑتال ختم کرکے پٹرول پمپس کھول دیئے جائیں۔چیئر مین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیلرزکامنافع بڑھانے کی یقین دہانی کرائیگی توپمپ کھول دینگے، ہڑتا ل صرف آج کیلئے ہے۔