5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیرداخلہ کا لیبیا سے آنیوالوں کیلئے ایئرپورٹس پر کاؤنٹر قائم کرنے کا حکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے لیبیا سے واپس آنیوالے پاکستانیوں کو سہولت کیلئے ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر قائم کرنے کاحکم دیاہے۔ وزارت داخلہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق لیبیا سے آنیوالے پاکستانیوں کے کوائف ایئرپورٹس پر درج کرکے انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائیگی ،لیبیا سے واپس آنیوالے پاکستانیوں کو سفری دستاویزات بھی بلامعاوضہ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ۔وزیر داخلہ نے لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بدھ کو ایک بین الوزارتی اجلاس بھی طلب کیا ہے ، اس میں وزارت خارجہ، وزارت اوورسیز پاکستانیز ، پی آئی اے، سول ایوسی ایشن کے عہدیدار اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں لیبیا سے واپس آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کی مشکلات کا جائزہ لیا جائیگا۔