5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ق لیگ کے تمام81ارکان کااجلاس طلب کرلیا،ڈاکٹرطاہرجاوید
جنگ نیوز -
لاہور…یونی فکیشن بلاک کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر طاہر جاوید نے مسلم لیگ ق کے تمام81 ارکان کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو رکن بغیر وجہ بتائے اجلاس میں شریک نہیں ہو گا اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔لاہور میں جیونیوزسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر علی جاویدکا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں بلائے گئے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیرالدین سمیت تمام ارکان کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ ق کے ارکان کی اکثریت کے پارلیمانی لیڈر ہیں جو رکن اجلاس میں بغیر وجہ بتائے نہ آیا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، اور ریفرنس اسپیکرکو بھجوائے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے وزرا کی برطرفی کے نوٹی فکیشن کے ساتھ ہی وہ حکومت میں شمولیت کا اعلان کردیں گے۔