5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پرویز مشرف اور شہباز شریف میں صرف وردی کا فرق ہے،راجا ریاض
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر راجا ریاض احمد نے کہا ہے کہ انھوں نے تین سال میں یہ دیکھا کہ پرویز مشرف اور شہباز شریف میں صرف وردی کا فرق ہے۔ انھوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹوپی ڈرامہ بند کردیں کیونکہ خادموں کے محلات نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار میں حاضری اور مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف مغل شہزادوں والی عادتیں اور ٹوپی ڈرامے ختم کریں۔پیپلز پارٹی اپوزیشن میں بھی حکومت گرنے نہیں دیگی۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ خود کو خادم اعلیٰ کہلانے والے شہباز شریف نے مغل شہزادوں کی طرح تین تین کیمپ آفسز بنا رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست جاری رکھے گی، میاں نواز شریف خدا کیلئے لوٹے نہ بنائیں، لوٹوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل کیلئے دھرنے تو کیا بھوک ہڑتالیں بھی کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے گال تھپڑوں کیلئے نہیں لیکن جمہوریت اور پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔