5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ورلڈ کپ :زمبابوے نے کینیڈا کو 175رنز سے ہرادیا
جنگ نیوز -
ناگپور . . . . . ورلڈ کپ کرکٹ میں آج کھیلے جانیوالے پہلے میچ میں زمبابوے نے کینیڈا کو 175رنز سے ہرادیا۔ زمبابوے نے ٹائیبو اور ایرون کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کینیڈا کو جیتنے کیلئے 299رنز کا ہدف دیاجس کے جواب میں پوری کینیڈین ٹیم 123رنز بناکرڈھیر ہوگئی۔بھارتی شہر ناگ پور کے ویداربھا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں زمبابوے کے کپتان چی گمبرانے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔ دو ابتدائی وکٹیں سات رنز پر گنوانے کے بعد تاتیندا ٹائیبو اور ایرون نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا ، ٹائیبو نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 98رنز پر آؤٹ ہوگئے،جبکہ ایرون نے 85رنز بنائے، دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 181رنز بنے۔ ان کے علاوہ ولیمز نے 30اور پراسپر اتسیا نے 26رنز اسکور کئے۔اسطرح زمبابوینز نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر98 2رنز بنائے۔ کینیڈا کی جانب سے بالا جی راؤ نے چار شکارکئے۔خرم چوہان اور بیدوان نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔ 299رنز کے تعاقب میں کینیڈینز کے اننگ کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اورصرف 7رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اسی انداز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں اور پوری ٹیم 123رنز پر اننگز تمام کرگئی۔ زمبابوے کی جانب سے کرس پوفو اور گریم کریمر نے تین ،تین جبکہ اتسیا اور لیمب نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔تاتیندا ٹائیبو کو میچ کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ زمبابوے کی ورلڈ کپ میں رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی فتح ہے۔