تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پیٹرول پمپس کی بندش : مظاہرین پر فائرنگ کا نوٹس لیاجائے ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے شہر میں پیٹرول پمپس کی بندش کے خلاف عوامی احتجاج پر پولیس کی پرامن مظاہرین پر کی جانے والی فائرنگ پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے حوالے سے آج شہر بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھے گئے جس کے باعث عوام اپنے روز مرہ معمولات زندگی نمٹانے سے قاصر رہے ، بچوں ، خواتین سے لیکر ضیعف العمر افراد تک کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور اس کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں اور اب پیٹرول پمپس کی بندش کے عمل سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام احتجاجا ً سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیاجائے اور اس میں عوامی خواہشات اور امنگوں کا مکمل احترام یقینی بنایاجائے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ شہر میں پیٹرول پمپس کی بندش کے خلاف عوامی احتجاج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے کو بامقصد مذاکرات سے حل کیاجائے ، پیٹرول پمپس جلد از جلد کھلوانے کیلئے عملی اور مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور پیٹرولیم پمپس کی بندش اور اس کی مصنوعات کی قیمتوں پر عوامی احتجاج کو نظر انداز کرنے کے بجائے پیٹرول پمپس ڈیلر ایسوسی ایشن سے بامعنی مذاکرات کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے فیصل آباد میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں 5روز سے گیس کی بندش اور اس پر جاری تاجر برادری اور عوامی احتجاج کا سختی سے نوٹس لیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فیصل آباد میں گیس کی بندش کے باعث کاروباری ، صنعتی اور گھریلو سرگرمیاں شدید متاثر ہوچکی ہیں جس کے باعث عوام کو روزانہ کی بنیاد پر مسائل اور پریشانیوں کا سامنا ہے ،ملک میں پیٹرول ، گیس دیگر مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر عوامی احتجاج کو نظر انداز کرنے کے بجائے حکومتی سطح پر اس کا سختی سے نوٹس لیاجانا چاہئے اور عوام اور تاجر برادری کے مطالبات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہئے اور کسی بھی قسم کی محاذ آرائی سے ہرممکن گریز کرنا چاہئے ۔رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد میں گیس کی بندش کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.