تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

لیبیا: کئی شہروں میں فوج بے بس، مغربی ملکوں کا فوجی کارروائی پر غور

جنگ نیوز -
طرابلس…لیبیا کے کئی شہروں میں صورتحال فوج کے قابو سے باہر ہوگئی ہے۔ معمر قذافی پر اقتدار چھوڑنے کیلئے عالمی دباؤ بڑھتا جارہا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ لیبیا اور آئیوری کوسٹ کی حکومتوں کیخلاف عالمی برادری کو اکٹھا ہوجانا چاہیے جو اپنے ہی لوگوں کا خون بہا رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مصراتا اور زاویہ شہروں میں حکومتی فورسز مظاہرین کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاری کررہی ہیں ۔ مصراتا شہر میں حکومت کی حامی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں ۔ فریقین فوجی اڈے پر قبضے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق مقامی ریڈیو اسٹیشن پر فائرنگ کرنیوالے طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ گنوں سے مار گرایا گیا ۔ مظاہرین نے طیارے کے عملے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ طرابلس میں نیوزکانفرنس کے دوران نائب وزیرخارجہ خالد قائم نے کہا کہ شورش زدہ شہروں میں اگر باغیوں سے مذاکرات ناکام ہوگئے توطاقت استعمال کی جائیگی۔دوسری جانب برطانیہ سمیت مغربی ممالک قذافی حکومت کیخلاف فوجی کارروائی پر غور کررہے ہیں ۔ برطانیہ کادعویٰ ہے کہ لیبیا کے پاس کیمیائی ہتھیار ہیں جو وہ مظاہرین کو کچلنے کیلئے آخری حربے کے طور پر استعمال کرسکتا ہے ۔ ایک عرب ٹی وی کے مطابق امریکی فوج نے بحری بیڑوں کو لیبیا کی سمندری حدودکے قریب ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ ایک امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے لیبیا کے تیس ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کردیے جبکہ برطانیہ نے تقریبا ایک ارب یورو کی لیبیا منتقلی روک دی ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.