5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
جنگ نیوز -
لاہور…پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت غریبوں کا خون چوسنے کی اس کارروائی کا سخت نوٹس لے۔پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کو نسیم الحق ایڈووکیٹ نے چیلنج کیا۔ انہوں نے درخواست میں موٴقف اختیار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام سے ان کے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لے گا۔ ملک میں پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے،عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں،وہ خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ اضافہ کے بعد مہنگائی کا ایسا طوفان کھڑا ہو گا جس سے خودکشیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس لئے عدالت معاملے کا نوٹس لے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔