5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تمام کھلاڑیوں کی توجہ اگلے میچز پر مرکوز ہے،وقار یونس
جنگ نیوز -
کولمبو…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف جیت کا دن گزر گیا اب تمام کھلاڑیوں کی توجہ اگلے میچز پر مرکوز ہے،انہوں نے اس بات پر خدا کا شکر اور مسرت کا اظہار کیا کہ ورلڈ کپ میں میچ فکسنگ الزامات پاکستان ٹیم پر نہیں لگے ۔کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ بالکل کلیئر تھا،بلکہ میگاایونٹ کے تمام میچز صاف ستھرے ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ میچ فکسنگ کے الزامات لگانا لوگوں کی عادت بن گئی ہے ،بلا شبہ کینیڈا کی ٹیم کمزور ضرور ہے لیکن وہ اپنی مکمل اسٹرنتھ کے ساتھ میدان میں اتریں گے،انہوں نے اس رائے کا اظہار کیا میگاایونٹ میں ایسوسی ایٹ ممالک کی تعداد دو ہونی چاہیے۔