5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان میں تاریخی سبی میلہ شروع ہوگیا
جنگ نیوز -
سبی …بلوچستان میں تاریخی سبی میلہ شروع ہوگیا ہے ۔ میلے میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے جانوروں کے بیوپاری شرکت کررہے ہیں ۔ صوبائی وزیر خزانہ عاصم کرد نے میلے کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں فلاور شو پیش کرنیوالے طلبہ کیلئے5لاکھ روپے ، مویشی مالکان کیلئے10لاکھ روپے ، ڈویژنل و آرمی اسکول اور ڈگری کالج کی مرمت و توسیع کیلئے20 لاکھ اور میلہ گراؤنڈ کیلئے 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ سبی میلہ مویشیوں کی خریدوفروخت کیلئے سب سے بڑا میلہ ہے جس میں کسانوں کی معلومات کیلئے زرعی اسٹالز ، بلوچ ثقافتی اشیا کے اسٹالز اور بلوچستان میں پائے جانیوالے جانوروں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں ۔ میلے کی رنگا رنگ تقریبات کے دوران سات ہزار طلبا وطالبات اپنے سر کے بال رنگ کر قومی پرچم بنائیں گے ۔ اس کے علاوہ نیزہ بازی اور ملی نغموں کے مقابلوں کے ساتھ مختلف کرتب بھی پیش کیے جائینگے۔ میلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔