5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی میں دوسرے روز بھی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے عوام پریشان
جنگ نیوز -
کراچی … پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے گئے حالیہ اضافے میں حکومت کی جانب سے 50 فیصد کمی کے اعلان کے باوجود سنی تحریک اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہڑتال کی کال واپس نہیں لی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج سنی تحریک کی اپیل پر کراچی بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال آج دوسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث شہر بھر کی سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔تاہم شہری حکومت کے تحت چلنے والی سی این جی بسیں چل رہی ہیں۔ جو مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی دکھائی دے رہی ہیں ۔ مختلف اداروں کی گاڑیاں، کانٹریکٹ بسیں اور نجی گاڑیاں رواں دواں ہیں جبکہ ٹیکسی، رکشہ، لوڈر گاڑیاں اور موٹر سائیکل رکشہ والوں کی چاندی ہوگئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث بس اسٹاپ پر شہریوں کی بڑی تعداد اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے پریشانی کا شکارہے ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سنی تحریک کی اپیل پر آج ہڑتال کی جارہی ہے جس سے شہر کے مختلف علاقوں اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑلین، گارڈن ،کھارادر، میٹھادر، برنس روڈ ، نیوکراچی، لائنز ایریا، صدر، کورنگی لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور سرجانی ٹاؤن سمیت ملحقہ علاقوں میں صبح کے اوقات میں کھلنے والی دوکانیں،بیکریاں ،ہوٹل اور پیٹرول پمپ بھی بند ہیں ۔ممکنہ گڑبڑ سے نپٹنے کیلئے پولیس و رینجرز کی نفری تعینات ہے۔