5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
خانانی اینڈ کالیا نے رہائی کیلئے بھاری رقم استعمال کی،ڈی جی ایف آئی اے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ایف آئی اے کے ڈی جی ، وسیم احمد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں خانانی اینڈ کالیا کیخلاف کافی شواہد تھے لیکن انہوں نے اپنی رہائی میں بھاری رقم استعمال کی۔کمیٹی نے سابق صدرپرویز مشرف سمیت دیگر بااثر افراد کو اسلام آباد میں الاٹ کردہ وہ زرعی فارمز منسوخ کرنے کی ہدایت کی جن پر کاشت نہیں ہورہی۔سینیٹ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا ، اس میں مختلف سرکاری محکموں میں مبینہ کرپشن اور اسکینڈلز کیخلاف ایف آئی اے کی تحقیقات پر غور کیا گیا۔ڈی جی ایف آئی اے وسیم احمدکاکہناتھاکہ ملک میں اسلحہ کی حکمرانی ہے ، انہوں نے ایفیڈرین نامی دوائی کی زائد مقدار میں اجازت دینے سے متعلق ایک اسکینڈل کی تحقیقات پر بھی کمیٹی کو آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ اسکینڈل4 ارب روپے سے زائد کا ہے، وزارت صحت جان بوجھ کر اسکینڈل میں شواہد نہیں دے رہی ہے،اس پر کمیٹی نے وزارت صحت کو تحقیقات میں تعاون کی ہدایت کی ۔ کمیٹی نے ایف آئی اے کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری پر پلاٹوں کی بے قاعدہ الاٹمنٹ کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا۔