29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
نیم قبائلی علاقے جواکئی سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی
جنگ نیوز -
کوہاٹ . . . . نیم قبائلی علاقے ایف آر جواکئی میں شدت پسندوں کی دھمکیوں اور حملوں کے بعد ہزاروں قبائلیوں نے کوہاٹ کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً پچاس ہزار افراد پر مشتمل ایف آر جواکئی کا علاقہ کئی ہفتوں سے شدت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ علاقے میں فورسز کا آپریشن بھی جاری ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اُن کے گھروں پر آئے دن راکٹ حملے کیے جاتے ہیں جس سے کئی لوگ جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں ۔ اس صورت حال کے پیش نظر ایف آر جواکی کے علاقے جموں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ لوگ گاڑیوں میں اور پیدل بے سروسامانی کے عالم میں کوہاٹ کی طرف جارہے ہیں۔ قبائلیوں کا کہنا ہے کہ حکومت یا انتظامیہ کی جانب سے انہیں ٹرانسپورٹ کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔