29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بجلی کا بحران شدید،شارٹ فال3 ہزار میگا واٹ سے زائد ہوگیا
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے ۔3 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی کمی کے سبب لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ بڑھتا جارہا ہے جس سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔پیپکو کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار11 ہزار255 میگا واٹ اورطلب14 ہزار292 میگا واٹ ہے ۔ بجلی کی کمی3 ہزار37 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ پیپکو کے مطابق کے ای ایس سی کو740 میگا واٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے اور شہر کے رہائشی علاقوں میں3 سے6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی لوگوں کو طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے ۔ پشاور کے شہری علاقوں میں آٹھ سے دس اور دیہی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔ کئی علاقوں میں فنی خرابی کے بہانے چھ سے آٹھ گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے ۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ۔ صوبے میں چھ سو پچاس میگا واٹ بجلی کی کمی ہے ۔ کوئٹہ سمیت مختلف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹز میں آٹھ سے دس اور دیہی علاقوں میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے گرم موسم میں شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔