تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی رپورٹ کا خیرمقدم

جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری /نمائندہ جنگ …کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کے بارے میں امریکی رپورٹ کا خیرمقدم کیاہے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے علی رضاسید نے کہا کہ امریکی رپورٹ بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تصدیق کرتی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی دنیا میں انسانی حقوق کے بارے میں ایک سالانہ تجزیاتی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارتی حکومت اور اس کے ایجنٹس مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ امریکی رپورٹ ایک باوثوق اور مصدقہ دستاویزہے جس میں کہاگیاہے کہ گذشتہ سال جون سے ستمبر کے دوران بھارتی فوجی نہتے مظاہرین کو قتل اور زخمی کرنے میں ملوث ہیں اورمتاثرین میں بڑی تعداد میں نوجوان اور بچے شامل ہیں۔ علی رضاسید نے کہاکہ بھارتی فوج آئے دن کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور ہزاروں کی تعدادمیں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت واقعات میں ماردیاگیاہے۔ حالیہ سالوں کے دوران کشمیرمیں بے شمار بے نام قبریں دریافت ہوئی ہیں جن میں ہزاروں کی تعدادمیں بے گناہ مارے جانے والے کشمیری دفن ہیں جنھیں جعلی مقابلوں یا قید کے دوران شہید کردیاگیا۔ وادی کشمیرمیں کالے قوانین نافذ ہیں اور بہت سے کشمیری تحریک آزادی کی پاداش میں جیل میں ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ بھارت اگر مسئلہ کشمیرکے پرامن حل میں سنجیدہ ہے تو وہ وادی کشمیرسے اپنی فوجیں واپس بلائے ، حریت پسند رہنماؤوں اور کارکنوں کو رہاکرے اور کالے قوانین ختم کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث فوجیوں کو سزادے۔عالمی برادری خصوصاً امریکہ کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی مددکرے اور ان کا حق خودارادیت انھیں واپس دلوائے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیرمیں نامور سکالر مولانا شوکت شاہ کی شہادت پر بھی افسوس ظاہرکیا۔ انھوں نے اپنے تعزیتی بیان میں شہید رہنماء کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔ انھوں نے کہاکہ انھیں اس افسوسناک سانحہ پر بہت صدمہ پہنچاہے۔ اللہ تعالی ٰ شہید کے درجات بلند کرے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.