29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختون خوا میں بارشیں، موسم خوشگوار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ماہ اپریل کے آغاز سے پاکستان میں موسمی تبدیلیوں کی لہر جاری ہے۔ کئی علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔پنجاب کے علاقوں فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، ملتان، جھنگ اور چیچہ وطنی سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے،جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں تین روز سے جاری بارش میں گزشتہ شب تیزی آ گئی ۔کوئٹہ میں سیوریج کا نظام ناقص ہونے کے باعث بارش کے بعد گندا پانی سڑکوں پر آجانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وادی کوئٹہ کے علاوہ ہرنائی ، مستونگ ، زیارت، پشین اور مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔سوات اور گردونواح میں گزشتہ دوروز کی بارشوں کے بعد آج موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ضلع نوشہرہ میں بارہ گھنٹوں کی بارش کے بعد موسم صاف ہے۔بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔مانسہرہ،ایبٹ آباد اور گلیات میں بھی گزشتہ رات کی بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں پر گزشتہ روز شدید بارشوں کی وجہ سے ٹانک پیزو روڈ پانی کے ریلے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند ہوگیا ہے۔مردان شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔