29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اقتصادی رابطہ کمیٹی کی دو لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنشن اور گریجویٹی کے علاوہ اداروں کی قومی بچتوں کی اسکیموں میں سرمایہ کاری پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ پاسکو کو دو لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ادارے قومی بچت کی اسکیموں میں انفرادی سرمایہ کاری کرسکیں گے جن میں ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی شامل ہوگی۔ اداروں کے سرپلس فنڈ ، جاری اور ترقیاتی اخراجات قومی بچت کی اسکیموں میں سرمایہ کاری کے طور پر نہیں رکھے جاسکیں گے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے لیے دو لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔ مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں کی قیمتوں سے متعلق سمری پر غور موخر کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد سست روی کا شکار ہے جسے بہتر بنایا جائے۔