29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
نئی قانون سازی تک ایچ ای سی کام جاری رکھے، سپریم کورٹ کا حکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے عبوری حکم میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو کام جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ ای سی آرڈیننس مجریہ2002 کیخلاف ابھی کوئی اقدام نہیں کیا جاسکتا ۔ایچ ای سی کی ممکنہ تحلیل کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کے مقدمہ کی سماعت چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایچ ای سی تحلیل نہیں ہوا تاہم ملک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے حکومت نئے کمیشن کی تشکیل کا مسودہ تیار کررہی ہے ، اس عمل میں ایچ ای سی نمائندوں اور وائس چانسلرز سے مل کر کام ہورہا ہے ، چیف جسٹس نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایچ ای سی تحلیل نہیں ہوگا ۔ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ جو بھی فیصلہ ہوا قانون کے مطابق ہوگا، پھر عدلت نے اٹارنی جنرل کو اس پر تحریری بیان داخل کرنے کی ہدایت کی اور وقفہ کے بعد سماعت میں عبوری حکم بھی جاری کردیا ، اس کے تحت ایچ ای سی کی تحلیل کا اقدام نہیں کیا جاسکتا ، عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔