تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

سی این جی اسٹیشن مالکان کا کل سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کااعلان

جنگ نیوز -
لاہور…ملک میں بجلی کے بعد،گیس کا بحران بھی تشویش ناک صورت اختیار کر گیا ہے،گرمیاں شروع ہونے کے باوجود گیس کے شارٹ فال میں کمی نہیں آ سکی جبکہ سی این جی اسٹیشنز مالکان نے بھی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔سردیوں میں گیس ہیٹر اور گیزر چلانے گیس کی ڈیمانڈ بڑھنے سے شارٹ فال بڑھ جاتا ہے تاہم گرمیوں میں شارٹ فال کا برقرار رہنا تشویش کی بات ہے۔اس صورتحال کی بڑی وجہ گیس چوری کے ساتھ صنعتوں اور گیس اسٹیشنز کی بھرمار بتائی جاتی ہے،تاہم سی این جی مالکان نے صورتحال کو مس مینجمنٹ قرار دیا ہے اورکلسے پنجاب میں3 ہزارسی این جی اسٹیشنز بندرکھنے کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف کل سے پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنز غیرمعینہ مدت کیلئے بند کر دیے جائینگے۔ لاہورسے جاری ایک بیان میں غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ غیرمنصفانہ اقدام تھا جس سے شدید مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ صدر ،وزیر اعظم ، وزیر پٹرولیم اور ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کو مسئلے کے حل کیلئے کئی درخواستیں دیں مگر کوئی حل نہیں نکلا۔غیاث پراچہ نے کہا کہ لاہور میں بھی سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔سوئی گیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گیس سستی ہونے سے اس کا استعمال کئی گنا بڑھ گیا ہے،4سو ملین کیوبک فٹ کا شارٹ فال ہفتے میں تین روز صنعتیں اور دو روز ،سی این جی اسٹیشن بند کر کے پورا کرنا پڑ رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت گیس بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی پلان کے ساتھ دس سالہ پلان تشکیل دے کر عملدرآمد کرائے بصورت دیگر آنے والے دنوں میں صنعتی شعبے کو انتہائی مشکلات کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.