29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھارت کوسیمنٹ کی برآمد،پابندی اگلے ماہ ختم ہونیکا امکان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان سے بھارت کو سیمنٹ کی برآمد پر عائد پابندی اگلے ماہ ختم ہوسکتی ہے، جس کے بعد زمینی راستے سے سیمنٹ بھارت جانا شروع ہو جائیگا۔ وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت تجارت و پیداوار نے واہگہ کے راستے سیمنٹ کی تجارت دوبارہ شروع کرنے کیلئے سمری کابینہ کو بھجوا دی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری ہو جائیگا۔ ذرائع کے مطابق یہ پابندی ممبئی حملوں کے بعد لگائی گئی تھی۔حالات بہتر ہونے کے بعد بھارت میں سیمنٹ کی قلت کے پیش نظر سیمنٹ کی برآمد اگلے ماہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیمنٹ کے بدلے بھارت اپنی متعدد اشیا پاکستان بھیجنے کی اجازت دے گا۔ تاجر برادری نے بھارت کے ساتھ تجارت کے فروغ کو عوام اور صنعت دونوں کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔