تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

لاہور میں فیول اسٹیشنوں کی ہڑتال ،لوگوں کومشکلات کا سامنا

جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ہڑتال کے باعث سی این جی اسٹیشن اور پٹرول پمپ بند رہے۔ ہڑتال سے حکومت کے کان پر جوں رینگے یا نہیں لیکن عام آدمی ضرور پریشان رہا اور لوگوں کو مسائل کا سامنا رہا۔سی این جی اسٹیشنز اور پٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال نے لوگوں کو پریشان کئے رکھا۔ ہڑتال کے لئے ایسا دن چنا کہ عوام بلبلا اٹھے، سرکار کی گیس بچت پالیسی کے تحت پیر اور منگل کو پہلے ہی سی این جی اسٹیشن بند تھے، بدھ کو بھی لاہور میں گاڑیوں کیلئے کہیں گیس نہ ملی۔ جلتی پر تیل پٹرول پمپ مالکان نے ڈالا ، ان کا ہڑتال میں شامل ہونا تھا کہ لوگ گاڑیاں گھروں میں کھڑی کرنے پر مجبور ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر سی این جی اور پٹرول پمپ والوں کا حکومت سے کوئی جھگڑا ہے تو اس کی سزا عوام کو تو نہ دی جائے ۔سی این جی اسٹیشنزاور پٹرول پمپ مالکان کہتے ہیں کہ انہوں نے حکومت کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ سی این جی سیکٹر کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ دو دن گیس نہ ملنے سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے، لیکن حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔گیس اور پٹرول کی بندش نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ معیشت پر بھی اثر ڈالا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے، ہڑتالوں کی بجائے مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.