29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ہماری سرحدوں پر5ارب ڈالر کی منشیات کا کاروبارہوتا ہے،وزیرداخلہ
جنگ نیوز -
کراچی …وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ ہماری سرحدوں پر پانچ ارب ڈالر کی منشیات کا کاروبارہوتا ہے جس کے خاتمے سے پاکستان کا نام بہتر ہوگا بلکہ ہمارے نوجوان بھی محفوظ رہیں گے۔کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر،کورنگی کراچی میں پاکستا ن کوسٹ گارڈزکی پاسنگ آؤٹ پریڈہوئی ۔پریڈ میں326 ریکروٹس نے حصہ لیا جن میں سے83 کا تعلق بلوچستان سے تھا۔ ریکروٹس نے وفاقی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ بھی کیا جس میں دشمنوں سے بچاؤ کے طریقے دکھائے گئے تھے۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ کوسٹ گارڈ نے نہایت کم وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے اسے امیگریشن اور کسٹمز ایکٹ کے اختیارات دیئے جائیں گے ۔کوسٹ گارڈ کے چار نئے بٹالین بنائے جائیں گے اور بجٹ میں ان کے لئے ہیلی کاپٹر، جہازاور نئی کشتیوں کیلئے رقم مختص کی جائیگی۔رحمن ملک نے بتایا کے کوسٹ گارڈ کا پانچ فیصد کوٹہ خواتین کو دیا جائیگا ۔انہوں نے کوسٹ گارڈ شہدا فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے اس میں10 لاکھ روپے دینے کااعلان کیا۔ پریڈ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیرداخلہ نے بتایا کہ گزشتہ روزکراچی میں ہونیوالے سارے قتل ٹارگٹ کلنگ نہیں ہیں۔ٹارگٹ کلرز کو کسی پارٹی سے وابستہ کرنے پہلے تحقیقات مکمل ہونی چاہیے چونکہ پہلے کئی ایسے ٹارگٹ کلرز گرفتار ہوئے ہیں جو کہ کچھ سال پہلے پارٹی سے تعلق رکھتے تھے جو اب نہیں ہیں۔ بینکوں میں ڈکیتیوں سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اپنی کوششیں کرہی ہے ،بینکوں کو صرف پولیس پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔