تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

48 گھنٹوں میں ایم کیو ایم کے9 کارکنان کونشانہ بنایا گیا، رضا ہارون

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی مومنٹ رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کو قتل کر کے ایم کیو ایم کو روکنے اور دبانے کی کوشش کسی طرح بھی سندھ اور موجودہ جمہوری عمل کے مفاد میں نہیں ہے۔ یہ بات انھوں نے خورشید بیگم میموریل ہال کراچی میں اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ رضا ہارون کاکہناتھا کہ گزشتہ48 گھنٹوں میں ایم کیو ایم کے 9 کارکنان اور ہمدردوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ جنوری سے اب تک ایم کیو ایم کے83 کارکنان اور ہمدردوں کو قتل کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس صورت حال کے باوجود ایم کیو ایم کے کارکنان نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ہے۔ رضا ہارون نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے قاتلوں کا ہاتھ روکنے کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی ملک میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث ایک منظم اور گہری سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دوبارہ کراچی تک محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رضا ہارون نے صدر مملکت، وزیر اعظم اور متعلقہ حکام سے ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کے قاتلوں کے خلاف جلد کاروائی کا مطالبہ کیا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.