29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اسلام آباد ترکی میں طالبان کے دفتر کھولنے کی حمائیت کریگا،برطانوی ایجنسی
جنگ نیوز -
لندن…برطانوی ایجنسی نے ترکی میں ایک پاکستانی عہدیدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان ترکی میں طالبان کی جانب سے سیاسی دفتر کھولنے کی حمایت کریگا ۔ صدر آصف علی زرداری کے سرکاری دورے ترکی کے موقع پر ایک پاکستانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اگر طالبان ترکی میں اپنا سیاسی دفتر کھولنا چاہیں تو اسلام آباد اس کی مخالفت نہیں کریگا ۔ طالبان کے سیاسی دفتر کھولنے کی تجویز پہلی مرتبہ پچھلے سال دسمبر میں ہونیوالے پاکستان ، افغانستان اور ترکی کے سہہ فریقی مذاکرات کے دوران پیش کی گئی تھی ۔ ان مذاکرات کے دوران افغان صدرحامد کرزئی نے یہ بھی کہا تھا کہ طالبان کیساتھ امن عمل کیلئے ترکی کی جانب سے ثالثی کی کسی بھی پیشکش کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق طالبان کے ترکی میں سیاسی دفتر کھولنے سے متعلق کسی قسم کی درخواست ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے ۔