29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خیبر پختون خوا میں متاثرین سیلاب کی بحالی پر فوج کی بریفنگ
جنگ نیوز -
پشاور…فوجی قیادت نے پشاور میں خیبر پختون خوا حکومت کو صوبہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ میں چیف آف آرمی ا سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی شرکت کی۔کور ہیڈ کوارٹر میں منعقد اجلاس میں حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی شریک تھے۔ ان کے ساتھ صوبائی وزرا رحیم داد خان، بشیر بلور، میاں افتخار حسین، ہمایوں خان اور سید ظاہر شاہ بھی موجود تھے۔ سول قیادت کو صوبہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا اور امدادی اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق بھی بتایا گیا۔ ذرائع کے مطابق فوجی قیادت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید کام کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس سلسلے میں ان علاقوں کی نشاندہی بھی کی جہاں بحالی کے کاموں کی مزید ضرورت موجود ہے۔اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے متاثرین کی امداد اور بحالی میں فوج کے کردار کو سراہا۔