29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپان:جیو سوپر کی بندش کے خلاف احتجاج
جنگ نیوز -
ٹوکیو … عرفان صدیقی … جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی شیخ تنویر کی قیادت میں گزشتہ روز سائی تامہ میں پاکستانی کمیونٹی اور سول سوسائٹی نے جیو سوپر پر حکومتی پابندی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور جیو کو عوامی لائسنس کے فارم پر دستخط کیے۔ اس موقع پر شیخ تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں چاہے ہزاروں چینل بنادیے جائیں لیکن جنگ گروپ کی اہمیت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جیو سوپر نے ورلڈ کپ نشر کرکے پاکستانی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا وہ پاکستان کی عظیم خدمت ہے جس کا صلہ موجودہ حکومت چینل کو بند کرکے دے رہی ہے۔ شیخ تنویر نے کہا کہ حکومت نے اگر فوری طورپر جیو سوپر اور جیو آگ چینل کو بحال نہیں کیا تو پوری دنیا میں پاکستانی کمیونٹی پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف مظاہرے کرے گی جس سے ہونے والی ملک کی بدنامی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی۔ شیخ تنویر نے آج سفارتخانہ پاکستان کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا۔