29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سرائیکی علاقے کو صوبہ تصورکرتے ہیں، اسفندیار ولی
جنگ نیوز -
اسلام آباد …عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کو ہٹانا پیپلز پارٹی کا اپنا فیصلہ ہے،اے این پی سرائیکی علاقے کو صوبہ تصورکرتی ہے ۔اسفندیار ولی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا کو ہٹانے میں دوسری پارٹیوں کی مداخلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اے این پی کا کوئی کارکن کسی جرم میں شریک ہے تو اسے سزا دی جائے۔اسفندیارولی نے کہا کہ وزیراعظم کے افغانستان کے دورے کے مثبت نتائج نکلیں گے۔مذاکرات کے ذریعے پاک افغان مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا ہدف فاٹا ہے۔ایک سوال پر اسفندیارولی نے کہا کہ حکو مت نے بجٹ سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کو سراہتے ہیں، پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں تجاویز کیلئے عوامی نیشنل پارٹی نے بھی کمیٹی بنا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم پر عملدآرمد ہونا چاہئے۔اسفندیارولی نے کہا کہ اے این پی کے انتخابات 15اکتوبر کو ہونگے جبکہ تنظیم سازی کیلئے رکنیت سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ وہ سرائیکی علاقے کو تنظیمی طور پر صوبہ تصور کرتے ہیں ۔چاروں صوبوں ،سرائیکی علاقے سے انتخابات میں سو،سوووٹ پڑتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے حق میں ہیں قانون اور آئین کے مطابق جو جو صوبے بننے چاہیئں، بنائے جائیں ۔سپریم کورٹ میں ذوالفقار بھٹو ریفرنس کے حوالے سے ایک سوال پر انہو نے کہا کہ اس بات کا پتہ چلنا چاہئے کہ جو کچھ ھوا تھا وہ جائز تھا یا ناجائز۔اسفند یار ولی نے کہا کہ انہیں خانہ شماری پر کوئی اعتراض نہیں البتہ مردم شماری پر ہو سکتے ہیں جب سوال اٹھے گا کہ فلاں شخص فلاں علاقے کا ہے اور رجسڑیشن کہا ہو رہی ہے ۔