29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیائی حکومت نے بحران کی ذمہ داری القاعدہ پر ڈال دی
جنگ نیوز -
طرابلس…لیبیا نے ملک میں جاری بحران کی ذمہ داری القاعدہ پر ڈال دی ہے۔کرنل قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے عوام کیخلاف کوئی جرم نہیں کیاجبکہ اجدابیا شہرکے نواح میں قذافی کی حامی فوج کی جانب سے مخالف فورسز پر شدید حملے جاری ہیں۔لیبیا کے حکومتی ترجمان موسیٰ ابراہیم نے طرابلس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حالات کی خرابی میں القاعدہ کے ملوث ہونے کے ثبوت مل رہے ہیں۔دوسری جانب کرنل قذافی کے بیٹے سیف الاسلام نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اس بات سے انکار کیا کہ لیبیا کی فوج شہریوں کے قتل میں ملوث ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔علاقے میں تند وتیز ہواؤں اور شدید ریت کے طوفان کے سبب نیٹو کافضائی آپریشن معطل ہے،جس کافائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری فوج اجدابیا پرقبضہ کرنے کیلئے بڑے حملے کررہی ہے۔شہر کے داخلی دروازے پرقذافی کی فوج مخالفین پر مسلسل حملے کر رہی ہے،لیکن مخالفین کا کہنا ہے کہ فوج کو شہر میں ہرگز داخل نہیں ہونے دیں گے اور بھرپور جواب دیں گے۔