29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سندھ بھر میں میٹرک امتحانات ،دفعہ144کے باوجود نقل جاری
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا،جبکہ امتحانی مراکز پہلے دن ہی کچھ امتحانی مراکز پر پرچے تاخیر سے پہنچے۔ دوسری جانب نقل کی روک تھام کیلئے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود دھڑلے سے نقل کاسلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں نویں دسویں جماعت کے امتحانات میں3لاکھ سے زائد طلبہ وطالبات شرکت کررہے ہیں۔امتحانات کیلئے225سے زائدامتحانی مراکزقائم کئے گئے ہیں۔ نویں اوردسویں جماعت کے سائنس گروپ میں تقریباً دو لاکھ 55 ہزار اور جنرل گروپ میں55ہزارسے زائد طلبا شریک ہیں ۔ صبح کے اوقات میں میٹرک سائنس اوردوپہر میں جنرل گروپ کے طلبا سے اسلامیات کاپرچہ لیاجارہا ہے نقل کی روک تھام کیلئے خصوصی نگراں کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں جبکہ امتحانی مراکز کے اردگردحکومت سندھ کی جانب سے امتحانی اوقات میں فوٹو کاپی مشینوں پردفعہ144کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی اور صدر کے کچھ اسکولوں میں پرچے دیر سے پہنچنے کی شکایت موصول سے ہوئی جس کے باعث طلبہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ امتحان آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ میٹرک بورڈ کے قائم مقام چیئرمین انوار احمد زئی کا کہنا ہے کہ جن امتحانی مراکز پر پرچے تاخیر سے پہنچنے وہاں امتحان کیلئے اضافی وقت دیا جائیگاجبکہ آئندہ پرچوں میں اس طرح کی شکایات نہیں ملیں گی ۔حیدرآباد بورڈ کے تحت نو اضلاع میں ایک لاکھ چھ ہزار طلبہ و طالبات میٹرک کے امتحانات میں شریک ہیں ۔ حیدرآباد ، ٹھٹھہ ، جام شورو، ٹنڈو محمد خان ، بدین ، ٹنڈو الہ یار، دادو، نواب شاہ اور مٹیاری میں206 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اورنقل کی روک تھام کیلئے20ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔تاہم نقل سرعام کی جارہی ہے، سینٹرز کے اردگرد منڈلاتے مشکوک افراد حتیٰ کہ پولیس اہلکار بھی نقل کرانے میں مصروف ہیں۔ سکھر بورڈکے زیر انتظام سکھر، نوشہروفیروز ، گھوٹکی اورخیرپورکے طلبہ وطالبات امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ سائنس اور جنرل گروپس کے ان امتحانات میں مجموعی طور پر89 ہزار سے زائد طلبہ وطالبات حصہ لے رہے ہیں ،امتحانات میں نقل کی روک تھام اور چیکنگ کیلئے12ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ36امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔سکھر شہر کے مختلف مراکز میں طلبہ نقل کرتے بھی نظرآئے۔لاڑکانہ بورڈ کے تحت چھ اضلاع لاڑکانہ ، قمبر شہداد کوٹ ، شکارپور ، جیکب آباد ، کشمور اور ضلع دادو کے علاقے میہڑ کے بارہ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہیں ۔ میر پورخاص بورڈ کے تحت سانگھڑ، عمر کوٹ ، میرپور خاص اور تھرپارکر اضلاع میں121امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں ۔ نقل کی روک تھام کیلئے15 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ امتحانات میں54 ہزار طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔