29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ولی خان بابر قتل کیس کے گرفتار ملزمان کا7روزہ عدالتی ریمانڈ
جنگ نیوز -
کراچی…انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے نگران جج جسٹس مقبول باقر نے جیو نیوز کے نمائندے ولی بابر کے قتل میں گرفتار4 ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے25 اپریل تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ملزمان فیصل عرف نفسیاتی، سید محمد علی رضوی، نوید عرف پولکا اورمحمد شکیل ملک کوبکتر بند گاڑی اور بھاری سیکیورٹی میں لایاگیا اور ان کے چہرے ڈھانپ کرعدالت میں پیش کیا گیا۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرارشد اقبال چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ان ملزمان سے تفتیش مکمل ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ملزم شاہ رخ عرف مانی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان ریکارڈ کرایاتھا جس کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق اس گروہ کے ماسٹر مائنڈ فیصل عرف موٹا، سعید کمانڈو، اسد، ناصر، لیاقت علی، کامران عرف ذیشان اور دیگرمفرور ہیں۔ عدالت نے چاروں ملزمان کو جیل بھیجتے ہوئے انہیں25 تاریخ کو متعلقہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ملزمان پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ302 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ سات اے کا اطلاق کیا گیا ہے۔