29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جمہوری نظام کیخلاف غیر آئینی اقدام کی مخالفت کرینگے، جماعت اسلامی
جنگ نیوز -
پشاور…جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری نظام کی بساط لپیٹنے کی کسی بھی غیرآئینی اقدام کی سختی سے مخالفت کی جائے گی۔ پشاورمیں جاری بیان میں فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنانے کے شوشے تشویشناک ہیں۔ ماضی میں بھی ٹیکنوکریٹس حکومت کے تجربے ناکام ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسئلہ کا حل فوجی آپریشن یا ڈرون حملے نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ فرید پراچہ نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ملکی مسائل کے حل میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہیں لیکن پھر بھی جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے، تاہم پھربھی حالات نہ بدلے تو قبل ازوقت انتخابات ناگزیر ہو جائیں گے۔