29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاک امریکا تعلقات مشکل دورسے گزررہے ہیں، مائیک مولن
جنگ نیوز -
کابل ... امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے اعتراف کیا ہے کہ پاک امریکا تعلقات مشکل دورسے گزررہے ہیں تاہم کشیدگی کے باوجوددونوں ملکوں کے تعلقات انتہائی ضروری بھی ہیں۔افغانستان میں خوست کے فوجی اڈے کے دورے کے موقع پرامریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ملک جانتے ہیں کہ تعلقات میں خرابی برداشت نہیں کرسکتے۔خطے کے لیے یہ انتہائی خطرناک ہوگا۔مائیک مولن کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات مشکلات کاشکار ہیں لیکن اس سخت خطرے سے دوستانہ اندازمیں باہرنکل آئیں گے۔اس سوال پرکہ پاکستان امریکی فوجی ٹرینرزکی تعداد میں کمی چاہتاہے کیونکہ اسے ان کے خفیہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے خدشات ہیں۔امریکی فوج کے سربراہ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ایف سی کے لیے امریکی فوجی ٹریننگ کی حمایت کریں گے اور اس مسئلے کومذاکرات یا مفاہمت سے حل کرلیا جائے گا۔اس سے پہلے ایڈمرل مائیک مولن نے کابل جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفت گو میں کہا کہ پاکستان کی حکومت کو پاکستانی طالبان سے خطرہ ہے، جس پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات میں ان معاملات پر بات ہوگی۔