29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
وفاقی کابینہ نے بھٹو ریفرنس کیلئے قانونی سوال نامے کی منظوری دیدی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دئے جانے کے خلاف صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ کیلئے پانچ سوالات پر مبنی قانونی سوالنامے کی منظوری دے دی ہے،وفاقی وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کاکہناہے کہ قومی حکومت کیلئے مشاورت جاری ہے، کل کاسیاسی حریف آج کاحلیف ہوسکتاہے۔ وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بھٹو ریفرنس میں عدالت کے سامنے کل پانچ سوال رکھے جارہے ہیں جو عدالت کی طرف سے اٹھائے گئے نکات اور ریفرنس کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے شامل کئے گئے ہیں ۔ قومی حکومت کے قیام کی کوششوں سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جارہی ہے ، قومی حکومت کا نقشہ ابھی واضح نہیں ہوا اورنہ ہی صرف مسلم لیگ ق کو اس مصالحتی عمل میں شامل کیا جارہا ہے ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان میں بیٹھے ناراض لوگوں سے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی بنادی گئی ہے جو ان سے رابطے کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے حوالے بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔