29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
محکوم عوام الطاف حسین کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں،فرزند جیلانی
جنگ نیوز -
خیرپور …پیر آ ف رانی پور پیر غلام محی الدین اورپیراُدھل شا ہ جیلا نی کے فرزند سید علی شاہ ،جیلانی، پیر جھنڈو اور پیر محبو ب شاہ کی قیادت میں سندھ کی سیاسی و سماجی شخصیات کے نمائندہ وفودنے گزشتہ روز خورشید بیگم ہال سے متصل سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستارسے ملاقات کی اور سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پرتفصیلی بات چیت کی ۔نائن زیروسے جاری اعلامیے کے مطابق وفود کے ارکان نے سندھ کے عوام کیلئے کئے جانے والے ایم کیوایم کے اقدامات کو سر اہتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم واحد سیاسی جماعت ہے جوملک سے جاگیر دارانہ اور وڈیرانہ نظام کیخلاف جدوجہد کررہی ہے جس کے مثبت اثرات ملک بھر میں پھیلنا شروع ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مظلوم و محکوم عوام صرف ایم کیوایم کی طرف دیکھ ہی نہیں رہے بلکہ جوق در جوق ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور اپنے حقوق کیلئے الطاف حسین کی قیادت پر مکمل اعتما د کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے وفودکے اراکین کے جذبات کو سراہا اور کہاکہ الطاف حسین کا نظریہ ، فکر و فلسفہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل رہا ہے 98فیصد غریب و مظلوم عوام کا انقلاب ملک سے دو فیصد استحصالی طبقہ کے موروثی سیاست کا خاتمہ کردے گا اور بہت جلد پاکستان پر غریب و متوسط کی حکمرانی قائم ہوگی ۔ علاوہ ازیں وفود کے اراکین نے ایم کیوایم کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ جلسہ استحکام پاکستانکی کامیابی پر الطاف حسین کو مبارکباد بھی پیش کی ۔