29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اسپین میں پی آئی اے کا عملہ زیر حراست،سفارتی مداخلت پر رہائی ملی
جنگ نیوز -
کراچی…اسپین کے بارسلوناایرپورٹ میں طیارے کی غلط پارکنگ اورقوائد کی خلاف ورزی پرمقامی حکام نے پی آئی اے کے عملے کو3گھنٹے حراست میں لینے کے بعد چھوڑدیا۔ایئرلائن ذرائع کے مطابق18 اپریل کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 779 اسلام آباد سے بارسلونا پہنچی ، پائلٹ نے طیارہ غلط پارک کیا جس پر اسپین کے ایوی ایشن حکام نے پائلٹ کو وضاحت کیلئے طلب کیا ، پی آئی اے کا پائلٹ قوائد کے تحت ضروری ایپرن پہنے بغیر ہی طیارے سے اترگیا اور مبینہ طور پر مقامی حکام سے تلخ کلامی بھی کی ،جس پرہسپانوی حکام نے پی آئی اے کے پائلٹ کوحراست میں لے لیا۔اس دوران کسٹمز حکام نے پائلٹ اور فضائی میزبانوں کے سامان کی تلاشی لی تو اس میں سے دوران پرواز مسافروں کو فراہم کی جانے والے جوس کے ڈبے،ٹافیاں ، بسکٹس،سگریٹ ،اور کھانے پینے کا دیگر سامان برآمد ہوا۔ مقامی کسٹمز حکام نے اس بارے میں پی آئی اے کے عملے سے دریافت کیا کہ یہ سامان مسافروں کو دینے کی بجائے وہ اپنے ساتھ کیوں لے جارہے تھے ،ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا عملہ تین گھنٹے تک زیر حراست رہنے کے بعد پاکستانی سفارتی حکام کی مداخت پررہائی پانے میں کامیاب ہوا۔ پی آئی اے ترجمان نے جیونیوز کو بتایا کہ اسپینش حکام کی رپورٹ پی آئی اے کو مل گئی ہیں اور اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں ۔