29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
تھرکول سے5سو سال تک50 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، ڈاکٹر ثمر
جنگ نیوز -
فتح جنگ . . . . . ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے کہ تھر میں دنیا کا تیسرا بڑا کوئلے کا ذخیرہ موجود ہے جو پانچ سو سال تک بجلی کی پچاس ہزار میگا واٹ پیداوار دے سکتا ہے۔ فتح جنگ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بجلی کے بحران کے باعث پاکستان معاشی لحاظ سے ہزار سال پیچھے چلا جائے گا۔ تھرکول سے5 سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھرکول سے حاصل ہونے والا ڈیزل صرف 20 ڈالر فی بیرل دستیاب ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک اور سینڈک میں سونے تانبے کے5 سو ارب ڈالر سے زیادہ کے ذخائرہیں، ان پر کام کر کے ملک کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے بھارت کو حملے کی جرات نہیں ہوتی، پاکستان میزائل پروگرام میں بھی دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل ہے۔