29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایجنسیاں پارٹیوں کو آپس میں ملا رہی ہیں ،چوہدری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . قائد حزب اختلاف چودھری نثار نے الزام عائدکیاہے کہ ایجنسیاں پارٹیوں کو آپس میں ملا رہی ہیں ،ایجنسیز کے لوگوں کے ان کی جماعت کے سینئر ارکان سے رابطوں کے شواہد موجود ہیں، ان کاکہناہے کہ انہوں نے جنرل کیانی سے بات کی ہو یا ڈی جی ایس آئی سے ، انہیں یہی کہا کہ سیاست میں ان کا کوئی کام نہیں ہے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری نثارنے کہاکہ وزیراعظم ایجنسیوں کو پابند کریں کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہیں،جن لوگوں نے ایک دوسرے پر قاتل کے الزامات لگائے اور جو ڈکٹیٹر کی وردی تلے چھپ کر این آر او پر دستخط کر کے ایوان میں پہنچے ان کی حکومت وجود میں آرہی ہے، اس ڈرامے کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بے نقاب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اب ایوان میں تقاریر نہیں کی جائیں گی،پہلے ایوان کے اندر ،باہر اور پھرسڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا،چودھری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن کسی صوبے میں بھی نیا صوبہ بنانے کے مخالف نہیں لیکن اس کے لئے آئینی راستہ موجود ہے، وفاق اور سندھ میں انداز حکمرانی جمہوری طرز حکمرانی کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومت اپنا بیڑا غرق کرے جمہوریت اور ایوان کا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیوب سیاست دان کسی کے اشاروں پر دھرنا دے رہے ہیں۔