29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
راجہ طارق کی گاڑی کو نقصان پہنچانیوالوں کو گرفتار کیاجائے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے روزنامہ جنگ کراچی کے ڈپٹی چیف رپورٹر راجہ محمد طارق کی گاڑی کونقصان پہنچانے اورر انہیں ہراساں کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صحافت کے معزز پیشہ سے وابستہ افراد کے قتل ، ان پر قاتلانہ حملے اور انہیں خوفزدہ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے عناصر آزادی صحافت کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ راجہ محمد طارق کو ہراساں کرنے والے عناصر کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور صحافیوں کو جان مال کا تحفظ فراہم کیاجائے ۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں امدادی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں غریب ومستحق افرادمیں لاکھو ں روپے مالیت کا امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔امدادی سامان میں سا ئیکلیں ، ویل چیئرز، سلائی مشینیں،خشک اجناس اوردیگر اشیا ء شامل تھیں۔اس موقع پرایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج شبیراحمد قائم خانی،ایم کیوایم لاہور زون کے انچارج شاہین انور گیلانی ، جوائنٹ انچارج مجتبیٰ گیلانی ، زونل ممبر ملک ہمایوں اور لاہورڈسٹرکٹ کے جوائنٹ انچارج راؤ خاور فاروق کے علاوہ اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے مقامی ذمہ داران ا ور کارکنا ن بھی بڑی تعداد موجود تھے۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شبیراحمد قائم خانی اور شاہین انور گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم، پاکستان کی واحد جماعت ہے جو سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے اورغریب ومتوسط طبقہ کے عوام کی بلاامتیاز رنگ ونسل ، زبان، مسلک ، عقیدہ اور مذہب عملی خدمت کررہی ہے۔ ایم کیو ایم، فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی ایم کیو ایم کے فلاحی ادارہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے ۔انشاء اللہ خلق خدا کی خدمت کا یہ دائرہ مزید وسیع کیا جائے گااور بہت جلد اوکاڑہ میں بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرکے غریب مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ادھرایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج شبیر قائم خانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ باشعور نوجوانوں کو پاکستان میں رائج مورثی سیاسی کلچر کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں آنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے تنظیمی دورے کے موقع پر کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے اوکاڑہ میں ایم کیوایم کے دفاترکادورہ کیااورتنظیمی کاموں کاجائزہ لیااورانہیں مزیدبہتربنانے پرزوردیا۔اس موقع پرایم کیوایم لاہورزون کے انچارج شاہین گیلانی اورجوائنٹ انچارج مجتبیٰ گیلانی کے علاوہ دیگرذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔