تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

خالد شیخ محمد امریکا میں کئی حملے کرنا چاہتا تھا،امریکی فوج کا خفیہ ریکارڈ

جنگ نیوز -
نیویارک …گیارہ ستمبر کے حملوں میں ملوث خالد شیخ محمد امریکا میں کئی حملے کرنا چاہتا تھا لیکن اس کے ارادے پورے نہیں ہوسکے ۔ یہ بات وکی لیکس کی طرف سے جاری کردہ گوانتانامو بے سے متعلق امریکی فوج کی خفیہ دستاویزات میں سامنے آئی ۔۔ یہ دستاویزات قیدیوں سے کی گئی تفتیش کی روشنی میں امریکی حکام کے تجزیوں پر مشتمل ہیں ۔ دستاویزات کے مطابق خالد شیخ محمد کا کہنا ہے کہ امریکا میں 11 ستمبر کے حملے اُس کا خواب اور زندگی کا حاصل ہیں ۔ ڈینیل پرل کیس کے متعلق دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کے سابق ملٹری کمانڈر سیف العدل نے ڈینیل پرل کو قتل کرنے کی مخالفت کی تھی اور اسے واپس اغوا کاروں کے حوالے کرنے یا رہا کرنے کیلئے کہا تھا ۔ لیکن خالد شیخ القاعدہ کے مالیاتی امور کے سربراہ شریف المصری کے کہنے پر ڈینیل پرل کو پاکستان میں القاعدہ کے فنانس چیف سعود میمن کے گھر لے گیا اور وہاں اسے قتل کردیا گیا ۔ دستاویزات کے مطابق لندن سے امریکا جانیوالے طیارے میں دھماکے کی ناکام کوشش کے ملزم رچرڈ ریڈ سے بھی خالد شیخ کا تعلق تھا ۔ رچرڈ ریڈ جوتے میں دھماکا خیز مواد لے جاکر جہاز میں دھماکا کرنا چاہتا تھا ۔ خالد شیخ محمد نے دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر شو بمبار رچرڈ ریڈ کو غیر ذمے دار قرار دیا ۔ دستاویزات کے مطابق خالد شیخ محمد امریکا میں کئی حملے کرنے کا ارادہ رکھتا تھا لیکن اس کے ارادے پورے نہیں ہوسکے ۔ خالد شیخ کا دایاں ہاتھ رمزی بن الشیبا تھا جو گیارہ ستمبر کے حملوں کا کوآرڈینیٹر تھا ۔ گوانتا نامو بے میں قید ایک اور اہم شخص سعودی شہری ابو زبیدہ کے بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اگر اُسے رہا کیا گیا تو امکان ہے کہ وہ دوبارہ انتہا پسندانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوجائیگا ۔ ابو زبیدہ گوانتا نامو بے میں چار مرتبہ بھوک ہڑتال کرچکا ہے اور گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد اس نے اسامہ بن لادن کو محفوظ ٹھکانہ بھی فراہم کیا تھا ۔ ابو زبیدہ پر ملینئم بمبار کے نام سے مشہور احمد ریسام کو بم حملے کیلئے مدد فراہم کرنے کا بھی الزام ہے ۔ گوانتا نامو بے میں ایک اور اہم قیدی عبدالرحیم النشیری ہے جس پر یمن کے قریب امریکی بحری جہاز یو ایس ایس کول پر حملے کے الزام میں گذشتہ ہفتے فرد جرم عائد کی گئی ہے ۔ امریکی دستاویزات میں اُسے القاعدہ کے اب تک گرفتار کئے گئے سب سے زیادہ ماہر اور خطرناک ارکان میں سے ایک قرار دیا گیا ہے ۔ وہ براہ راست اسامہ بن لادن کو جواب دہ تھا اور اس کا گروپ افغانستان سے باہر خودکش حملوں دیگر آپریشنز کا ذمے دار تھا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.