29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری /نمائندہ جنگ…کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے یہاں پاکستان کی پارلیمنٹ کی کشمیرکمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اور مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ خاص طورپر یورپ میں کشمیریوں کی آوازکو اٹھانے کے لیے کشمیرکونسل ای یو کی جدوجہد زیر بحث رہی۔ علی رضاسید نے وزیراعظم کو کشمیرکونسل ای یو کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔چیئرمین کشمیرکمیٹی مولانا فضل الرحمان نے کشمیرکونسل ای یو کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں کشمیرکونسل کی طرف سے ایک سال قبل شروع کی گئی ایک ملین دستخط مہم خصوصی طورپر زیربحث رہی اوراسے قابل تحسین قراردیاگیا۔ مولانافضل الرحمان نے کہاکہ اس طرح کی کوششیں جاری رہنی چاہیں اور کشمیریوں کی ہمدرد اور دوست قوتوں کو متحد اور متفق ہوکر اس کی طرح کی جدوجہد کرنی چاہیے۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے بتایا کہ کونسل مسئلہ کشمیرپر اتحاد واتفاق کے لیے کوشاں ہے۔ہم بھی کشمیرپرعالمی سطح پر ایک متحدہ اور موثر آواز چاہتے ہیں۔ علی رضاسید نے کشمیرکونسل ای یو کی یورپ میں جاری جدوجہد کے بارے میں بتایاکہ یہ کونسل یورپ میں کشمیرپرآگاہی پیداکرنے اور یورپی حکومتوں اور عوام اور مختلف اداروں اور تنظیموں کو کشمیرکی تازہ ترین صورتحال اورمسئلہ کشمیرکی حساسیت سے مطلع کرتی رہتی ہے۔ خاص طورپر کشمیریوں کے بین الاقوامی تسلیم شدہ حقوق کومختلف فورموں اور یورپی یونین جیسے اداروں میں اجاگرکرناکونسل کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ کشمیرکونسل ای یو کے نیٹ ورک میں فعال پیشہ وار افراد،کاروباری خواتین و حضرات، انسانی حقوق کے کارکن، سکول اور کالجوں کے طلبہ اور ورکز شامل ہیں۔ایک ملین دستخطی مہم کے بارے میں علی رضاسیدنے بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے شروع کردہ ”ایک ملین دستخطی مہم“ یورپ میں بڑی تیزی سے جاری ہے اور ابتک بڑی تعدادمیں یورپی لوگوں نے اس مہم کی دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔یہ مہم اس وقت تک بلجیم ، ہالینڈ اور فرانس پہنچی ہے اور مزید ممالک میں جائے گی جس کا مقصد مظلوم کشمیریوں کے لیے حمایت حاصل کرناہے۔ مولانا فضل الرحمان ان دنوں ایک وفد کے ہمراہ یورپ کے سرکاری دورے پرہیں ۔ وہ بلجیم کے بعد جرمنی جائیں گے۔ علی رضاسید نے وفد کے دیگر اراکین عطیہ عنایت اللہ اور سردارایازصادق سے بھی ملاقات کی۔