29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
چرنوبل سانحے کو25سال مکمل :یادیں اور اثرات تاحال موجود
جنگ نیوز -
کیوو …25برس قبل یوکرین میں ایٹمی پاور پلانٹ میں ہونے والے دھماکے اور اس سے ہونے والی تباہی اور تباہ کُن تابکاری اثرات کو دنیا کی حادثاتی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔26اپریل 1986کو پیش آنے والے اس اندوہناک حادثے کو 25سال مکمل ہوگئے ہیں لیکن اس کے اثرات تاحال کئی علاقوں میں موجود ہیں۔26اپریل کو یوکرین کے چرنوبل پاور پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر چار میں ہونے والے دھماکے سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تھی جس کے بعد پاور پلانٹ سے ہونے والے تابکاری اخراج کے اثرات شمالی یورپ اور روس کے کئی علاقوں تک پھیل گئے۔یوکرین میں چرنوبل پور پلانٹ میں رونما ہونے والے حادثے کے بعد یوکرین اور گردو نواح سے تقریباً4لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاتھا ۔عالمی ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کے مطابق تابکاری سے متاثر ہونے والوں کی تعدادایک لاکھ سے زائد ہے اور اس سانحے کے70برس مکمل ہونے تک تابکاری اثرات سے متاثر ہونے والے93ہزار افراد موت کا شکار ہوجائیں گے جبکہ عالمی ادارہِ صحت(WHO)کے مطابق یہ تعداد صرف 4ہزار تک پہنچے گی۔تاہم ایک روسی روزنامے کے مطابق1986سے لیکر 2004تک تابکاری اثرات سے متاثر ہونے والے9لاکھ85ہزار افراد انتقال کرچکے ہیں جنہیں اس حادثے کے بعدخون کے کینسر اورتھائی رائیڈ کینسر سمیت مختلف عارضے لاحق ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ1986میں چر نو بل پا ور پلا نٹ میں ایٹمی ری ایکٹر کے پھٹنے سے ہونے والا دھما کہ ایٹمی سا ئنس کی دنیا کاخطرنا ک ترین حا دثہ ما نا جاتاہے ۔