29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ڈرون حملے دھرنوں اور مذمتی بیان سے ختم نہیں ہونگے، شہبازشریف
جنگ نیوز -
حاصل پور…وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے حاصل پور کے نواحی گاؤں میں گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اس سال کاشتکاروں سے چالیس لاکھ ٹن گندم سرکاری نرخ پر خریدے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے صرف مذمتی بیان اور دھرنوں سے ختم نہیں ہوں گے۔ حاصل پور کے نواحی گاؤں چک153 مراد میں وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا اورٹریکٹر چلایا۔ کاشتکاروں سے خظاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اس سال بھی کسانوں سے آخری دانے تک گندم خریدے گی اور اس سال کا ہدف چالیس لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے۔سب سے پہلے حکومت چھوٹے کاشتکاروں سے گندم خریدے گی اور پھر بڑے کاشتکاروں سے گندم خریدی جائیگی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈرون حملے صرف مذمتی بیانات اور دھرنوں سے بند نہیں ہوں گے اس کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑیگا اورکراچی سے خیبر تک قوم کو کھڑے ہوکر جلوس اور ریلیاں نکالنا ہوگی اور بھیک مانگنا ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ چولستان کی اراضی پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔چولستان کی اراضی پر سب سے پہلا حق مقامی افراد کا ہے جبکہ چولستان میں کوآپریٹو فارمز کے قیام سے علاقے میں خوشحالی آئیگی۔شہباز شریف نے ٹوبہ نور سر بلوچاں چولستان میں45کروڑ روپے کی لاگت سے5 لائیو اسٹاک کوآپریٹو فارمز کا افتتاح بھی کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب گندم کی کٹائی کی تقریب کے بعد دانش اسکول حاصل پور بھی پہنچے اور وہاں اسکول کے بچوں اور اساتذہ سے بات چیت کی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چولستان کے بچوں کیلئے دانش اسکولوں میں5فیصد کوٹہ مختص کر نے کا بھی اعلان کیا۔