29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
چیئرمین پیمرا کی تقرری کیخلاف سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی درخواست
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پیمرا کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عبدالجبار کی تقرری ، ترقی اور پیمرا میں مستقل کیے جانے کے خلاف از خود نوٹس لینے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت حکومت کو ڈاکٹر عبدالجبار کی پیمرا میں بطور چیئرمین تقرری سے روکے۔ الطاف محمود ملک ایڈووکیٹ نے آئین کے آرٹیکل 184 تھری کے تحت دائر درخواست میں پی ٹی اے میں گریڈ بیس کے ملازم ڈاکٹر عبدالجبار کی پیمرا میں ڈیپوٹیشن پرتعیناتی اور ترقیکیلئے واپس پی ٹی اے بھجوائے جانے کے معاملے پر انگریزی اخبار دی نیوز میں 23 مارچ دوہزار گیارہ کو لکھے گئے آرٹیکل کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ڈاکٹر عبدالجبار کی پیمرا میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی ، قائم مقام چیئرمین پیمرا کے عہدے پرترقی اور مستقلی کو کاالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں دوران سروس تنخواہ اور الاؤنسز کی مد میں حاصل کی گئی بھاری رقوم واپس کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جائیں۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالجبار کی مستقلی کا معاملہ دیکھنے والی تین رکنی ٹیم ان سے جونیئر افسران پر مشتمل تھی جسے قانونی طور پر یہ معاملہ دیکھنے کا اختیار ہی نہیں تھا۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالجبار کو قائم مقام چیئرمین کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ پیمرا کے کسی مستقل سینئر افسر کو یہ عہدہ سونپا جائے اورقائم مقام چیئرمین کی جانب سے آزادمیڈیا پر پابندی کوغلط قرار دیتے ہوئے پیمرا کو آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کی ہدائیت کی جائے۔