29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیرمیں بارش ،گرمی کا زور ٹوٹ گیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے،تاہم سندھ اور پنجاب سمیت بلوچستان کے میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔مانسہرہ، ایبٹ آباد،سوات، لوئر دیر، مردان اور ہری پور سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی،ایبٹ آباد اور لوئر دیر میں تیز آندھی کے دوران کئی سائن بورڈ گرگئے اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،مینگورہ شہر سمیت وادی سوات کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ چارسدہ میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا،مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی سرشام ہونے والی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا ہے،لاہور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاول پور میں درجہ حرارت 44سینٹی گریڈ کے باعث بازار سنسان رہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے اکثرعلاقوں میں آج درجہ حرارت میں معمول سے دو سے تین ڈگری کمی ہوئی تاہم جنوبی پنجاب اور سندھ سمیت بلوچستان کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے سب سے زیادہ گرمی ضلع دادو میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید کمی کے ساتھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔