29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
سابق چیئرمین نیب کے چارج چھوڑنے سے اب تک مقدمات کی فہرست طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین نیب نوید احسن کے چارج چھوڑنے کے بعد سے اب تک کے زیر تفتیش مقدمات کی فہرست طلب کر لی ہے۔ جسٹس راجا فیاض نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت دیکھنا چاہتی ہے اس دوران کتنے مقدمات کی تفتیش ڈراپ کی گئی۔جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے حبیب وہاب الخیری ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس جاوید اقبال نے ریمارکس دیے کہ احتساب کا ادارہ بنانے کا مقصد کرپشن کا خاتمہ ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کا تقرر نہ کرنے میں کیا مصلحت یا دانشمندی کارفرما ہے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ قانون کے تحت، پراسیکیوٹر جنرل کا تقرر چیئرمین کے ذریعے ہوتا ہے اور چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے نظرثانی درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے۔ جسٹس راجہ فیاض کا کہنا تھا کہ چیئرمین کے اختیارات ڈپٹی چیئرمین کو تفویض کر کے نیب آرڈیننس کی خلاف ورزی کی گئی۔ جس پر ڈپٹی چیئرمین نیب جاوید ضیا قاضی کے وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ عدالت نے موجودہ ڈپٹی چیئرمین نیب جاوید ضیا قاضی کی گریڈ اکیس میں ترقی کی تاریخ بتانے کی بھی ہدایت کی ہے۔